سری نگر،30 مارچ: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے بفلیاز علاقے میں ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرنکوٹ پونچھ کے بفلیاز علاقے میں جمعرات کی سہ پہر کو باراتیوں سے بھری ایک سومو گاڑی زیر نمبر(JK12 2725) تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس وجہ سے چھ افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ آٹھ شدید طورپر زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے مزید تین باراتیوں کو مردہ قرار دیا جبکہ چار زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے میں مرنے والوں کی تعداد نو تک جا پہنچی ہے۔
انہوں نے مہلوکین کی شناخت 55 سالہ غلام ربانی ولد محمد فضل 60 سالہ محمد مشتاق ساکنان سلیان ، فیضل احمد ، گلاب الدین ساکنان گورسی ، محمد جہانگیر ، محمد اکبر ، عابد کوہلی اور شوکت حسین ساکنان ڈنگلا کے بطور کی ہے۔
انہوں نے اس دلدوز حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی پہچان ظہیر عباس ، عنایت شوکت ہارون اور محمد زبیر کے بطور کی ۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی