اتوار, مئی ۱۱, ۲۰۲۵
19.9 C
Srinagar

موسمی تبدیلی سنگین مسئلہ

عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے زبردست بحث ومباحثے ہو رہے ہیں اور اس تبدیلی کے اسباب دریافت کرنے اوران کا حل تلاش کرنے کی ہر سطح پر کوشش کی جا رہی ہے لیکن پھر بھی یہ موسمی تبدیلی روزبروز بڑھتی جا رہی ہے ۔

گلیشرپگھلنے کی وجہ سے سمندر میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور یہاں ارد گرد رہائش پذیر لوگ نقل ِمکانی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔

جموں وکشمیر میں بھی اس ماحولیاتی اور موسمی تبدیلی کے آثار دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔وادی میں مارچ کے مہینے میں اس قدر درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے جو غالباً جون جولائی کے مہینے میں ہوتا تھا۔

اس حوالے سے ماہرین کافی فکر مند ہو رہے ہیں اور اسکا سدباب ڈھونڈنے کیلئے راستے تلاش کئے جا رہے ہیں ۔

جہاں تک جموں وکشمیر انتظامیہ کا تعلق ہے وہ ہر سا ل نئے پیڑ پودے لگانے کی مہم شرو ع کرتی ہے لیکن کس تعداد میں یہ پودے لگانے کی ضرورت ہے اور کہاں پر یہ پودے لگانے چاہیے ،شایدانتظامیہ کو بھی معلوم نہیں ہے ۔جہاں تک جنگلات اور آبی ذخائر کا تعلق ہے ،اُن کا خاتمہ ہو رہا ہے ۔

سرکار اور انتظامیہ بھی ان باتوں کا برملا اعتراف کرتی ہے کہ یہاں کے آبی ذخائر کو رہائشی کالونیوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور گزشتہ 3دہائیوں میں ان آبی ذخائر کو سب سے زیادہ نقصان ہو چکا ہے ۔

جھیل ڈل اور ولر جھیل اس قدر سکڑ گئے ہیں کہ جہاں ایک زمانے میں صاف وشفاف پانی ہوتا تھا اور اب وہاں بچے کھیلتے نظر آرہے ہیں ۔

جن ندی نالوں ،نہروں او ر آبی ذخائر کے ارد گرد گھنے جنگلات نظر آرہے تھے ان کی صفائی کے نام پر وہاں کوئی بھی درخت اب نظر نہیں آرہا ہے ۔

ایک طرف پیڑ پودے لگانے کی مہم جاری ہے،تو دوسری جانب لاکھوں کی تعداد میں پیڑ پودے بے دریغ طریقے سے مختلف ناموں پر کاٹے جارہے ہیں ۔

اگر واقعی سرکار اور انتظامیہ موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے فکر مند ہے تو پھر اُسے ایسی پالیسی مرتب کرنی چاہیے جس سے بہتری ممکن ہو پائے ۔

بڑھتے ہوئے ٹریفک کو کم کرنا ،مختلف کارخانوں سے نکل رہے گرد وغبار اور زہر آلودہ دھویں کو جدید طرز پر کم یا ختم کرنا ،آبی ذخائر کی حفاظت اور جنگلات کو فروغ دینا چاہیے تاکہ یہ موسمی تبدیلی کم ہو سکے جو آنے والے وقت میں ایک بہت بڑا مسئلہ بن سکتا ہے جس سے انسانوں کےساتھ ساتھ جانور اور پرندے بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img