ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

کولگام میں سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا

سری نگر،11 مارچ : جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے آڈورہ علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے ایک سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجو وں نے جمعے کی شام کو کولگام کے آڈورہ علاقے میں سرپنچ شبیر احمد میر ولد محمد عبدا ﷲ میر پر اپنے گھر کے نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ زخمی سرپنچ کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

ہسپتال ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سرپنچ کے جسم میں کئی گولیاں پیوست تھیں جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ تاہم بظاہر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

ادھر بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ مہلوک سرپنچ بی جے پی کے ساتھ وابستہ نہیں تھا اور اس ضمن میں پھیلائی جانے والی افواہیں حقیقت سے بعید ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پھر ملی ٹینٹوں نے عوامی نمائندے کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 9 مارچ کی شام کو مشتبہ ملی ٹینٹ کھنموہ سری نگر میں سرپنچ سمیر احمد بٹ کے رہائشی مکان میں زبردستی گھس آئے اوراندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں سرپنچ کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔

قبل ازیں مشتبہ جنگجووں نے دو ہفتے قبل ضلع کولگام میں ہی ڈپٹی سرپنچ پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔
وادی کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور کارکنوں کی شکایت ہے کہ انہیں سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ بعض کی یہ بھی شکایت ہے کہ ان کے ساتھ سیکورٹی اہلکار مامور تھے لیکن پی ڈی پی – بی جے پی اتحاد ختم ہونے کے بعد ان سے یہ سیکورٹی واپس لی گئی۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img