سری نگر،11 مارچ: وادی کشمیر میں خوشگوار موسم کے ساتھ ہی جہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع باغ گل لالہ کو کھولنے کے لئے جہاں کام شد ومد سے جاری ہے وہیں شہر خاص کے رعناواری علاقے میں واقع بادام واری میں لگے بادام کے درختوں پر پھوٹے دلکش شگوفے بھی قابل دید سماں پیش کر رہے ہیں یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے جمعے کو بادام واری کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ بادام کے درختوں پر پوٹھے سفید و گلابی رنگ کے شگوفے قابل دیدہ ہیں جن سے روح کو سکون اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ قطعہ اراضی سفید و گلابی رنگ کے پھولوں کے لباس میں ملبوس سیاحوں کی آمد کی منتظر ہے۔
موصوف نے وہاں تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی سیاح سے بھی بات کی جو بادام واری کی خوبصورتی کو دیکھ کر دنگ ہو کر رہ گئی تھی۔
بتادیں کہ بہار نو کی آمد کے ساتھ ہی وادی کے دیگر مشہور سیاحتی مقامات و باغات کی طرح بادام واری میں بھی سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے اور خاص طور پر مقامی لوگ اپنی تھکن اور دنیاوی پریشانیوں سے چھٹکارا پانے کے لئے بادام واری میں حاضر ہو جاتے ہیں۔
یو این آئی