بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ کو دس دنوں کے اندر آپریشنل بنا دیا جائے گا: وویک بھاردواج

بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ کو دس دنوں کے اندر آپریشنل بنا دیا جائے گا: وویک بھاردواج

سری نگر،5 مارچ : فائنانشل کمشنر برائے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن وویک بھاردواج کا کہنا ہے کہ جمعے کی شب آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہونے والے سری نگر کے برزلہ میں واقع ہڈیوں کے ہسپتال کو دس دنوں کے اندر اندر دوبارہ آپریشنل بنا دیا جائے گا۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ کو آگ سے پہنچے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد اور ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال بھی ان کے ہمراہ تھے۔

موصوف کمشنر نے کہا کہ ہسپتال کے بالائی منزل میں ایمر جنسی آپریشن تھیٹر سے آگ نمودار ہوئی تاہم ہسپتال کے باقی وارڈ محفوظ رہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال عملے، فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں دیگر افسروں اور مقامی لوگوں کی مدد سے تمام مریضوں کو صحیح سلامت نکالا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ خوش قسمتی کی بات ہے ورنہ ایسے مریضوں جو چلنے پھرنے کے لائق نہیں ہوتے ہیں ، کو نکالنا مشکل ہوتا ہے۔
مسٹر بھاردواج نے کہا کہ اس ہسپتال کو بہت جلدی دوبارہ آپریشنل بنا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا: ’ہسپتال کو ایک ہفتے یا دس دنوں کے اندر اندردوبارہ آپریشنل بنا دیا جائے گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پرانے ہسپتال لکڑی ے بنے ہوئے ہیں ان میں بھی جدید فائر سسٹم نصب کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جمعے کی شام برزلہ میں واقع بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال کی بالائی منزل میں اچانک آگ نمودار ہوگئی جس کے شعلوں نے آناً فاناً عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.