اننت ناگ سے گھر جانے کے دوران لاپتہ ہونے والے کشتواڑ کے چھ افراد گھر پہنچ گئے

اننت ناگ سے گھر جانے کے دوران لاپتہ ہونے والے کشتواڑ کے چھ افراد گھر پہنچ گئے

سری نگر/ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے واڑون علاقے سے تعلق رکھنے والے تین روز سے لاپتہ چھ افراد جمعے کے روز صحیح سلامت اپنے گھر پہنچ گئے۔

یہ چھ افراد 23 فروری کو اننت ناگ سے مرگن ٹاپ کے راستے پیدل گھر جانے کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے۔ضلع انتظامیہ، فوج ، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی مشترکہ ٹیموں نے لاپتہ ہونے والے ان افراد کی بازیابی کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا تھا۔

ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے لاپتہ افراد کے گھر پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اننت سے اپنے گھر واڑون کشتواڑ جانے کے دوران لاپتہ ہونے والے چھ افراد صحیح سلامت اپنے گھر پہنچے ہیں۔

انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 23 فروری کی شام کو ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے اطلاع ملی کہ اننت سے مرگن ٹاپ راستے کے ذریعے واڑون کشتواڑ جانے والے چھ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں کے دوران موسم انتہائی خراب رہا جو ہمارے ریسکیو آپریشن کے لئے بہت بڑا چلینج رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں آٹھ سے دس فٹ برف جمع ہوئی تھی۔

موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ایس آر ڈی ایف، پولیس، فوج کی 28 افراد پر مشتمل ایک ٹیم کو جمعے کی صبح ساڑھے چار بجے لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے روانہ کر دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ کی اطلاع کے مطابق یہ افراد اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے ان افراد تلاش کے لئے مدد فراہم کرنے والے اداروں اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

بتادیں کہ لاپتہ ہونے والے ان چھ افراد کی شناخت محمد اکبر کوکا، غلام نبی کوکا، اعجاز احمد کوکا، گلزار احمد کوکا، منظور احمد کوکا اور ادریس احمد ڈار کے بطور ہوئی تھی جو سب کے سب چویدرمن واڑون سے تعلق رکھتے تھے۔ان افراد نے منگل کی شام اپنے اہلخانہ کے ساتھ فون کے ذریعے رابطہ کیا تھا جو بعد میں منقطع ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.