وادی کشمیر کا ایک روز بعد بیرون دنیا کے ساتھ فضائی و زمینی رابطہ بحال

وادی کشمیر کا ایک روز بعد بیرون دنیا کے ساتھ فضائی و زمینی رابطہ بحال

سری نگر،24 فروری: وادی کشمیر کا جمعرات کو ایک روز بعد بیرون دنیا کے ساتھ فضائی و زمینی رابطہ بحال ہوگیا۔

بتادیں کہ بھاری برف باری ے باعث بدھ کے روز وادی کا بیرون دنیا کے ساتھ فضائی و زمینی رابطہ منقطع رہا تھا۔ علاوہ ازیں سڑکوں پر برف جمع ہونے اور پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے وادی کے دور افتادہ علاقوں کا اپنے اپنے ضلع صدر مقامات کے ساتھ بھی زمینی رابطہ منقطع رہا تھا۔موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ جمعرات کو جہاں سری نگر ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک بحال ہوگیا وہیں وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک کی جزوی نقل حمل بحال ہوگئی۔

ائیر پورٹ حکام نے بتایا کہ روشنی میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی سری نگر ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک بحال کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کم روشنی کے باعث ہوائی اڈے پر صبح کے وقت کئی پروازیں موخر کی گئی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ سپائس جٹ کی ایک پرواز نے ہوائی اڈے پر جمعرات کو لیںڈ کیا جس کے ساتھ ہی آپریشن بحال ہوگیا۔سری نگر ہوائی اڈے پر بدھ کے روز تمام پروازیں معطل ہوئی تھیں جس کے باعث متعدد مسافر درماندہ ہوگئے تھے۔

دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل حمل جمعرات کو جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔اس قومی شاہراہ پر بدھ کے روز کئی مقامات پر مٹی کے تودے گر آنے کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل مکمل طور پر بند رہی تھی جس کے نتیجےمیں کئی گاڑیاں درماندہ ہوئی تھیں۔

ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر اودھم پور سے بانہال تک ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر جانے والی تمام ٹرکوں نے نویوگ ٹنل پار کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قاضی گنڈ سے نویوگ ٹنل تک شاہراہ پر پھسلن ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی رفتار کافی سست ہے۔

موصوف عہدیدار نے کہا کہ شاہراہ پر فی الوقت چھوٹی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر جمعرات کو درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر آج بھی تازہ ٹریفک کی نقل و حمل بند ہی رہے گی۔

ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہی ہے جبکہ وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ بھی ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے مسلسل بند ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.