کشمیر: بھاری برف باری سے جھیل ڈل میں نصف درجن شکاروں کو نقصان

کشمیر: بھاری برف باری سے جھیل ڈل میں نصف درجن شکاروں کو نقصان
سری نگر،23 فروری: وادی کشمیر میں بھاری برف باری نے تباہ کن صورتحال پیدا کر کے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا۔
وادی کے مختلف علاقوں میں جہاں بڑی تعداد میں درخت اکھڑ آئے وہیں بعض علاقوں میں تعمیری ڈھانچوں کے چھت بھی ڈھہ جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق سری نگر کے شہرہ آفاق جھیل میں کم سے کم نصف درجن شکاروں کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل میں کم سے کم چھ شکاروں میں پانی جمع ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکام اور مقامی لوگ شکاروں سے پانی نکال رہے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
جنوبی کشمیر کے ٹنگمرگ اہر بل علاقے میں بھاری برف باری سے ایک مکان گر آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹنگمرگ اہر بل علاقے میں بدھ کے روز بھاری برف باری کے باعث ایک رہائشی مکان گر آیا۔
انہوں نے کہا کہ حکام اور مقامی لوگوں نے مکینوں کو بچا کر محفوظ جگہ منتقل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ تحصیلدار نے فوری کارروائی عمل میں لاتےہوئے متاثرین کو کمبل و دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کئے۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اچھن علاقے میں ایک شیڈ کے گر آنے سے ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پلوامہ کے اچھن علاقے میں بھاری برف باری سے ایک شیڈ گر آیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
زخمی خاتون کی شناخت عارفہ بانو زوجہ محمد شفیع ڈار کے بطور ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وسطی ضلع بڈگام کے کئی علاقوں میں بڑی تعداد میں درخت اکھڑ آئے ہیں۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.