محمد حسین بٹ:بالی ووڈ ادا کار سلمان کی تصویر کا قالین بنانے والا کشمیری پرستار

محمد حسین بٹ:بالی ووڈ ادا کار سلمان کی تصویر کا قالین بنانے والا کشمیری پرستار

سری نگر،23 فروری: سری نگر کے فتح کدل سے تعلق رکھنے والے ایک کاریگر نے اپنے پسندیدہ بالی ووڈ ادا کار کو تحفہ پیش کرنے کے لئے اپنی کمائی صرف کرنے کے بجائے اپنے ہنر اور تخلیقی صلاحیتوں کی جلوہ نمائی کی ہے محمد حسین بٹ نامی کاریگر نے بالی ووڈ ادا کار سلمان خان، جن کا وہ سخت پرستار ہے، کو بطور تحفہ پیش کرنے کے لئے اپنے ہاتھوں سے خالص سلک کا ایک قالین تیار کیا ہے جس پر انہوں نے سلمان خان کی تصویر بنائی ہے۔

موصوف کاریگر کو یہ قالین تیار کرنے کے لئے چھ ماہ لگ گئے جس پر انہوں سلمان خان کی، سرخ اور سیاہ رنگ کی نصف آستینوں والی قمیض پہنے، تصویر بنائی ہے اور اس قالین کا سائز ڈھائی فٹ مربع ہے۔
کشمیر کی تاریخ میں غالباً پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی کشمیری نے بالی ووڈ کے کسی ادا کار کےتئیں اپنی بے پناہ محبت کے اظہار کے لئے قالین بنایا ہو جس پر اس فلمی ستارے کی تصویر بنائی گئی ہو۔
محمد حسین نے یو این آئی کے ساتھ اپنی گفتگو میں کہا کہ سلمان خان کو یہ قالین بطور تحفہ پیش کرنا میرا سب سے بڑا خواب ہے جس کے لئے میں کچھ روز میں ممبئی جا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا: ’سلمان خان پوری فلم انڈسٹری میں بہترین شخصیت کے مالک ہیں انسانیت کی خدمت کے لئے جو وہ کام کر رہے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ہے اور میں ان کے اس کا سے بے حد متاثر ہوں‘۔ان کا کہنا تھا: ’سلمان’دی بینگ ہیومن فاؤنڈیشن‘ کی وساطت سے جو کام کر رہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے‘۔

موصوف کاریگر جو بچپن سے ہی قالین بافی کرتے ہیں، نے کہا کہ میں نے سال 2019 میں یہ مخصوص قالین بنانا شروع کیا۔انہوں نے کہا: ’سال 2019 میں، میں نے اکیلے یہ قالین بنانے کا کام شروع کیا اور اس کو مکمل کرنے میں مجھے چھ ماہ لگ گئے‘۔ ان کا کہنا تھا: ’پہلے میں نے سلمان خان کی ایک تصویر منتخب کی اور قالین تیار کرنے کے لئے میں نے ’تعلیم‘ لکھی جس کو دس دن لگ گئے‘۔
’تعلیم‘ وہ زبان ہے جس کو پڑھ کر قالین باف قالین تیار کرتے ہیں اور اسی تعلیم کی وساطت سے قالین کی رنگ برنگی نقش ونگاری اور تصویریں بن جاتی ہیں۔

محمد حسین نے کہا کہ ذاتی مصروفیات اور بعد میں کوروان وبا پھوٹنے کے باعث میں اس قالین کو منظر عام پر نہیں لا سکا۔انہوں نے کہا: ’یہ میرا دیرینہ خواب تھا لیکن اس کو منظر عام پر لانے کے لئے کئی اڑچنیں آئیں‘۔ان کا کہنا تھا: ’اب چونکہ کورونا وبا تھم گیا ہے لہذا میں نے اس قالین کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ لیا اور سلمان خان کو یہ قالین پیش کرنے کے لئے میں آنے والے کچھ دنوں میں ممبئی جا رہا ہوں‘۔

سلمان خان کی فلموں کے بارے میں پوچھے جانے پر محمد حسین نے کہا: ’میں سلمان خان کی فلیمں دیکھتا ہوں سب لوگ جانتے ہیں کہ وہ فلم انڈسٹری کا بہترین ادا کار ہے‘۔انہوں نے کہا: ’سلمان خان کسی کی تعریفوں کے محتاج نہیں ہیں، سب لوگ جانتے ہیں کہ وہ ایک اعلیٰ پایے کے ادا کار ہی نہیں بلکہ بہترین انسان بھی ہیں اور انسانیت کی مختلف طریقوں سے خدمت کر رہے ہیں‘۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.