پولیس کا بانڈی پورہ میں سرگرم جنگجو کی گرفتاری کا دعویٰ

پولیس کا بانڈی پورہ میں سرگرم جنگجو کی گرفتاری کا دعویٰ

سری نگر 22فروری : جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ منگل کے روز بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کی گرفتار ی عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے آلوسہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں وکشمیر پولیس 3 بٹالین سی آر پی ایف اور 26 آسام رائفلز نے مشترکہ طور پر ناکہ لگایا جس دوران ایک مشتبہ شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم حفاظتی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں مفرور شخص کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کی شناخت دانش احمد شاہ عرف ہارس ولد ثنا ا ﷲ شاہ ساکن الٰہی پورہ کے بطور ہوئی اور اُس کے قبضے سے ایک چینی پستول، ایک گرنیڈ اور دوسرا قابلِ اعتراض مواد برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار جنگجو نے بتایا کہ وہ پاکستان میں بیٹھے لشکر طیبہ کے کمانڈروں سماما عرف علی اور ہلال ملک کی ہدایت پر کام کررہا تھااور لشکر طیبہ کی جانب سے اُس سے ضبط شدہ ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بھی منکشف ہوا ہے کہ سال 2019 میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مارے گئے لشکر جنگجو عاشق وار نے گرفتار جنگجو کو بطور ہابیئرڈ ملی ٹینٹ بھرتی کیا تھا ۔
اُن کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتا رجنگجو پاکستان میں اسلحہ و گولہ بارود کی خصوصی تربیت کی خاطر سفری دستاویزات تیار کر رہا تھا ۔

علاوہ ازیں بانڈی پورہ میں ہوئے حالیہ حملوں میں مذکورہ جنگجو کی جانب سے مدد فراہم کرنے کا بھی شبہ ہے ۔

ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.