گاندربل میں نوجوان کی انہدامی کارروائی کے دوران خود سوزی کی کوشش

گاندربل میں نوجوان کی انہدامی کارروائی کے دوران خود سوزی کی کوشش

سری نگر،22 فروری: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے گندر ہامہ علاقے میں منگل کے روز اس وقت سنسنی پھیل گئی جب حکام کی طرف سے چلائی جانے والی انہدامی کارروائی کے دوران ایک نوجوان نے اپنے کمپلیکس پر چڑھ کر خود سوزی کرنے کی کوشش کی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گاندربل کے گندر ہامہ میں ایک نوجوان نے تجاوزات کے خلاف انہدامی کارروائی کے دوران اپنے کمپلیکس پر چڑھ کر اپنے آپ پر پٹرول یا تیل خاکی چھڑک کر خود سوزی کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ جھلس گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ نوجوان جس کی شناخت عامر احمد شاہ ولد عبدالحمید شاہ ساکن ہرن کے بطور ہوئی ہے، کو علاج و معالجے کے لئے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔

اس واقعے کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ نوجوان کمپلیکس پر چڑھ کر اپنے آپ کو آگ لگا دیتا ہے اور آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں کیملیکس کی سلیب پر دوڑتا ہے۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ اس کو بچانے کے لئے اس کی طرف دوڑتے ہیں۔
دریں اثنا ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نالہ سندھ پر محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کی طرف سے چلائی جانے والی ایک انہدامی کارروائی کے دوران اچانک ایک شخص ایک غیر قانونی طور پر تعمیر ہونے والی بلڈنگ کے پیچھے سے نمودار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص نے بطور احتجاج بلڈنگ پرچڑھ کر خود سوزی کرنے کی کوشش کی۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ ایس ایچ او گاندربل اور مقامی لوگوں نے مذکورہ نوجوان کو بچا کر ہسپتال منتقل کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ مالکان نے اس تعمیری ڈھانچے کے احاطے میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے ایک خندق کھو دا تھا جس کی وجہ سے فوری بچاؤ کاررائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
پولیس نے میڈیا براداری اور عام لوگوں نے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے کے ویڈیو کو سرکولیٹ کرنے سے
گریز کریں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.