کشمیر: شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج،22 اور 23 فروری کو برف و باراں متوقع

کشمیر: شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج،22 اور 23 فروری کو برف و باراں متوقع
سری نگر،21 فروری : وادی کشمیر میں بیس روزہ چلہ خورد کے اختتام کے باوجود بھی شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 22 اور 23 فروری کو برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کر دی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی کشمیر میں 22 اور 23 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشیں متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برف باری اور بارشوں کا زیادہ اثر 22 فروری کی شام اور 23 فروری کے دن کو رہے گا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ خراب موسمی صورتحال سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا اس کے بعد وادی میں اگلے دس روز تک موسم خشک رہنے کا ہی امکان ہے۔
وادی میں بیس روزہ چلہ خورد اختتام ہونے کے باوجود بھی شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔

سری نگر میں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

 یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.