سری نگر میں تیزاب پھینکنے کے واقعے کے خلاف احتجاج

سری نگر میں تیزاب پھینکنے کے واقعے کے خلاف احتجاج

سری نگر،2 فروری:سری نگر کے پائین شہر کے عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ علاقے میں منگل کی شام ایک دو شیزہ پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کے خلاف بدھ کو یہاں جہانگیر چوک میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں پر مشتمل ایک گروپ نے احتجاج درج کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرہ بازی بھی کر رہے تھے۔

اس موقع پر ایک احتجاجی لڑکی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں فوری کارروائی کرکے ملوثین کو سخت سزا دے۔

انہوں نے کہا: ’میں تین گذارشات کرنا چاہتی ہوں ایک تمام مائیں اپنے بچوں کو لڑکیوں کی عزت کرنا سکھائیں دوسری یہ کہ تیزاب بیچنے والے دکاندار چھوٹے بچوں کو تیزاب فروخت نہ کریں اور تیسری یہ کہ پولیس اس سلسلے میں فوری کارروائی کرکے ملوثین کو سخت سزا دیں‘۔

ایک اور احتجاجی نے کہا کہ کشمیر میں پہلے ایسے واقعات پیش نہیں آتے تھے۔
انہوں نے کہا: ’ہمارے ملک میں ہر سال ڈھائی سو سے تین ایسے واقعات پیش آتے ہیں لیکن کشمیر میں ایسے واقعات پیش نہیں آتے تھے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کئی برسوں سے یہاں بھی اس قسم کے واقعات پیش آر ہے ہیں جو انتہائی تشویش ناک امر ہے۔
انہوں نے ملوثین کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

بتادیں کہ منگل کی شام کو پائین شہر کے عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ کے نزدیک نامعلوم افراد نے 22 سالہ دوشیزہ پر تیز آب پھینکا جس کی وجہ سے وہ بری طرح سے زخمی ہوئی اور اُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا۔
یو این آئ

Leave a Reply

Your email address will not be published.