رام بن کے بٹوٹ علاقے میں بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر گرفتار: پولیس

رام بن کے بٹوٹ علاقے میں بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر گرفتار: پولیس

جموں/ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے بٹوٹ علاقے میں پولیس نے قتل کا ایک معمہ چار دنوں میں ہی حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک شخص کو اپنی 23 سالہ بیوی کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رام بن کے پنچایت حلقہ تھوپال کے سرپنچ کے ذریعے پولیس کو 23 جنوری کو ایک ٹیلی فونک اطلاع موصول ہوئی کہ نشو دیوی زوجہ پون کمار ساکن پسیال دھرالٹا نامی ایک 23 سالہ خاتون نے اپنے آپ کو لٹا کر پھانسی دی ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ چونکہ مذکورہ خاتون کی موت پراسرار حالت میں واقع ہوئی تھی لہذا موت واقع ہونے کی اصلی وجوہات معلوم کرنے کے لئے 23 جنوری کو ہی پولیس اسٹیشن بٹوٹ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں اور فوری طور ایک پولیس پارٹی کو جائے واردات پر بھیجا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پولیس پارٹی نے متوقی خاتون کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اس کا ضلع ہسپتال رام بن میں پوسٹ مارٹم کرایا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد آخری رسومات کی انجام دہی کے لئے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔
انہوں نے بیان میں کہا: ’تحقیقات کے دوران متوفی خاتون کے والدین نے الزام لگایا کہ ہماری بیٹی کو اسکے شوہر اور اس کے اہلخانہ نے قتل کیا ہے جو اس کو ہمیشہ سے ہراساں کرتے تھے‘۔

بیان میں کہا گیا: ’پوچھ تاچھ کے دوران متوفی خاتون کے شوہر پون کمار نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کا گلہ دبا کر قتل کیا اور پھر پولیس کو گمراہ کرنے کے لئے اس کو لٹکایا تاکہ پولیس کو لگے کہ اس نے خود کشی کی ہے‘۔موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ پولیس ٹیم نے شواہد جمع کرنے اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد ملزموں پون کمار اور اس کی والدہ سملہ دیوی کو گرفتار کیا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.