سری نگر/ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بیچ انتظامیہ نائٹ کرفیو کے نفاذ پر سنجیدگی کے ساتھ غور و غوض کر رہی ہے ۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں زبردست اُچھال دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے رات کے دوران پابندیاں عائد کرنے پر غور وغوض ہو رہا ہے۔
مذکورہ ذرائع کے مطابق ایل جی منوج سنہا نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ سبھی ہسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے اہم ہسپتالوں میں کووڈ مریضوں کیلئے اضافی وارڈ بھی بنائے گئے ہیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو وہاں پر رکھا جاسکے۔
ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کی خاطر انتظامیہ نے سبھی تیاریاں کی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر لوگوں کو انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہئے۔
اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں پچھلے چھ ماہ کے دوران لگ بھگ 20 ہزار آئسولیشن بیڈوں کی تعداد بڑھائی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا رہنما اصولوں پر عملدرآمد ناگزیربن گئی ہے لہذا لوگوں کو بغیر ماسک کے گھروں سے باہر نہیں آنا چاہئے۔





