سرینگر/ ڈورو اننت ناگ میں جنگجوئوں اور سیکیورٹی فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپ میں زخمی ہونے والے متعدد زخمی اہلکاروں میں سے ایک زخمی فوجی اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ڈورو اننت ناگ میں بدھ کی شب شروع ہوئی جھڑپ میں جیش محمد عسکری تنظیم سے وابستہ تین جنگجو ہلاک ہوئے ۔خبر رساں ادارے جی این ایس نے سینئر پولیس افسر کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ڈورو اننت ناگ جھڑپ میں زخمی اہلکار دم توڑ گیا جبکہ دو دیگر فوجی اہلکار اور پولیس اہلکار اب بھی زیر علاج ہیں۔
میر ہامہ کولگام اور ڈورو اننت ناگ میں جنگجوئوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 6 جنگجو ہلاک ہوئے جن میں دو غیر مقامی بتائے جارہے ہیں ۔
میر ہامہ کولگام آپریشن کے بارے میں پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہاں پولیس ،فوج کی 9 آر آر اور سی آر پی ایف (18 بٹالین ) نے مشترکہ طور پرکارڈن اینڈ سرچ آپریشن عمل میں لایا ،جس دوران مختصر گولیوں کے تبادلے میں تین جنگجو ہلاک ہوئے جن میں ایک غیر مقامی ہے ۔
انہوں نے رہائشی مکان میں پناہ لینے والے جنگجوئوں کو ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی گئی ،لیکن انہوں نے فائرنگ شروع کی اور جوابی کارروائی میں مارے گئے ۔جبکہ عام شہریوں کو پہلے ہی جائے جھڑپ سے بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ۔
کولگام میں مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت محمد شفیع ڈار ساکنہ ترال ،عزیر احمد ساکنہ میر ہامہ اور پاکستانی جنگجو شاہد عرد شہزاد کے بطور ہوئی ۔پاکستانی جنگجو سیکیورٹی کی انتہائی مطلوب ترین فہرست میں شامل تھا ۔
دو اے کے 47 رایفل اور ایم -4 رائفل کے علاوہ دیگر اسلحہ گولی بارود جائے جھڑپ سے برآمد کیا گیا ۔فوج اور پولیس اعلیٰ افسران آج دوپہر دونوں جھڑپوں کے بارے میں پریس بریفنگ کے دوران مکمل جانکاری دیں گے ۔




