محاصروں کا دائرہ وسیع ،آپریشنز جاری ،رُک رُ ک کر فائرنگ کا تبادلہ جاری
نیوزڈیسک
اننت ناگ،کولگام : جنوبی کشمیر کے جڑواں اضلاع اننت ناگ اور کولگام میں دو الگ الگ معر کہ آرائیوں میں تین عدم شناخت جنگجو ہلاک اور متعدد فورسز اہلکار زخمی ہوئے ۔کولگام جھڑپ: ڈورو اننت ناگ میں جاری جھڑپ کے بیچ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلعے میں جنگجوﺅں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان بدھ کی شام دیر گئے جھڑپ شروع ہوئی ۔
اس کی تصدیق پولیس ترجمان آفیشل ٹویٹر ہینڈ ل ’کشمیر زون پولیس ‘ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کی ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ میر ہامہ کولگام میں جنگجو مخالف آپریشن عمل میں لایا ،جس دوران گاﺅں میں موجود جنگجوﺅں نے فائرنگ کی اور جوابی کارروائی کے دوران طرفین کے مابین جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا ۔
پولیس ترجمان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جھڑپ میں ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ علاقے میں آپریشن جاری ہے ۔پولیس ترجمان نے دس بجکر اکتیس منٹ پر ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ میر ہامہ کولگام میں جھڑپ کے دوران مزید دو جنگجو ہلاک ہوئے اور تعداد تین ہوگئی ،آپریشن جاری ہے ۔
اس سے قبل جنوبی ضلع اننت ناگ کے نوگام ڈورو گاﺅں میں پولیس ،فوج اور فورسز نے بدھ کی شام کو جنگجوﺅں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کی بنیاد پر ’کارڈن اینڈ سرچ آپریشن ‘ عمل میں لایا ۔تلاشی کارروائی کے دوران جنگجوﺅں اور سیکیورٹی کے درمیان اُس وقت آمنا سامنا ہوا جب فورسز کی ایک ٹیم مخصوص مقام کی طرف بڑھ رہی تھی ۔طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ،جس نے جھڑپ کا رُخ اختیار کیا ۔
ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں متعدد فورسز اہلکار زخمی ہوئے ۔جنوبی ضلع اننت ناگ کے نوگام ڈورو علاقے میں جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بدھ کی شام کو سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد نوگام ڈورو شاہ آباد گاوں کو محاصرے میں لے کر جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
پولیس ترجمان کشمیر زون پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اس جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے جس سے علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک کو طلب کرکے آس پاس علاقوں میں بھی پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فرار ہونے کے سبھی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جبکہ لوگوں کے چلنے پھرنے پر ابھی فی الحال پابندی عائد کی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ حفاظتی عملے نے جگہ جگہ خصوصی جنریٹر بھی نصب کئے ہیں۔ادھر خبر رساں ادارے ’کے این او‘ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا کہ فائرنگ میں19آر آر کے اہلکار روہت یادو اور ایشانت اور پولیس اہلکار دیپک کمار زخمی ہوئے ۔





