سری نگر/ وادی کشمیر میں خشک موسم مگر سخت سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے رواں موسم سرما کی پہلی برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
متعلقہ محکمے کے سربراہ سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کے بالائی و میدانی علاقوں میں 5 دسمبر کو برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ برف باری کا سلسلہ 4 دسمبر کی شام سے ہی شروع ہوکر 6 دسمبر کی شام تک جاری رہ سکتا ہے۔
موصوف سربراہ نے کہا کہ پانچ دسمبر کو برف باری کی شدت میں تیز ہوسکتی ہے جس میں بعد ازاں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ میدانی علاقوں میں 2 سے3 انچ جبکہ بالائی علاقوں میں 6 سے7 انچ برف جمع ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں بھی متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات سے زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔
ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہونے سے سردی کی شدت میں بھی ذرا سی کمی واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
بتادیں کہ 30 نومبر اور یکم دسمبر کی درمیانی شب سری نگر کی رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی۔
یو این آئی





