سری نگر،30 نومبر : جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لاسی پورہ صنعتی علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں ایک پلاسکٹ فیکٹری راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے صنعتی علاقہ لاسی پورہ میں پیر کی شب قریب دس بجے ’سٹلوارٹ پلاسٹکس‘ نامی ایک فیکٹری میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیکٹری کے نزدیک ہی قائم فوج کی 44 آر آر کیمپ کے جوان اور دفاعی فورسز کے فائر ٹنڈرس آگ پر قابو پانے کے لئے فیکٹری کی طرف دوڑ پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج، پولیس اور فائر ٹنڈرس نے پہلے ترجیحی بنیادوں پر فیکٹری میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا اور اس کے بعد آگ کو قابو میں کر لیا۔
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ آگ بجھانے میں کم سے کم دو گھنٹے لگ گئے جس دوران فیکٹری راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
