سری نگر، 29 نومبر :بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن ) اشوک کول کا کہنا ہے کہ اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کا عمل مکمل ہونے کے فوراً بعد جموں وکشمیر میں انتخابات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آنے کے بعد ہی سٹیٹ ہڈ کی بحالی ممکن ہے اور اس حوالے سے موزون وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔
موصوف جنرل سیکریٹری نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: جموں وکشمیر میں اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کے فوراً بعد انتخابات منعقد ہوں گے ، الیکشن کمیشن کو حد بندی کے بعد نئے قوانین بنانے میں تھوڑا وقت لگے گا اور اس کے بعد ہی الیکشن منعقد کرائے جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے حد بندی کمیشن کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لئے 6 مارچ کا وقت دیا ہے اوراس کے بعد ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں جنرل سیکریٹری نے کہا کہ حالات پوری طرح سے معمول پر آنے کے بعد ہی جموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ واپس ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بہت جلد سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا فیصلہ لیا جائے گا۔
شہری ہلاکتوں کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں اشوک کول نے کہا کہ کوئی مذہب عام شہریوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی ادارے عام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں سرکار اچھی طرح سے چل رہی ہے اور جب منتخب نمائندے آئیں گے تو اور اچھی طرح سے چلے گی۔
