سری نگر، 26 نومبر : انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیررینج وجے کمار کی ہدایت پر عوام الناس تک پہنچنے اور پولیس اسٹیشنوں میں شفافیت لانے کی خاطر زونل پولیس ہیڈ کواٹر کشمیر کی وئب سائٹ (kashmirpolice.jk.gov.in) کو عوامی شکایت کے ازالے کی خاطر مخصوص رکھا گیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’کسی بھی شخص یا اشخاص کو تھانے یا کسی بھی انفرادی پولیس آفیسر/اہلکار سے متعلق کوئی بھی شکایت خاص طور پر اپنے عہدے کا غلط استعمال اور بلا جواز ہراساں کئے جانے کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ تفصیلات کے ساتھ کشمیر پولیس کی مذکورہ وئب سائٹ پر آن لائن موڑ کے ذریعے اپنی شکایت درج کراسکتا ہے‘۔
ترجمان کے مطابق ’شکایات کی جانچ پڑتال کیلئے زونل پولیس ہیڈ کواٹر کشمیر میں ایک آفیسرکو نامزد کیا گیا ہے جو شکایت موصول ہونے کی تاریخ سے 15 دنوں کے اندراندر قانون کے تحت مناسب کارروائی کرئے گا‘۔
علاوہ ازیں پولیس اہلکاروں کے خلاف آن لائن شکایات درج کرنے کے علاوہ پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی خاطر لوگ اپنی تجاویز یا آرا بھی بھیج سکتے ہیں جن کو سراہا جائے گا۔
آن لائن شکایت کیلئے وئب سائٹ پر لاگ ان کرنے کا طریقہ کار حسب ذیل ہے:
1) گوگل میں جا کر (https://kashmirpolice.jk.gov.in) وئب سائٹ پر لاگ ان کریں
2) شکایت آپشن پر کلک کریں۔
3) پھر وہاں پر اپنا نام، ای میل، موبائیل نمبر، کس ضلع سے آتے ہیں اورآخر پر اپنی شکایت لکھ کر سینڈ بوٹن پر کلک کریں۔
15 روز کے اندرا ندر شکایت کے حوالے سے کیا کارروائی عمل میں لائی گئی اس بارے میں ای میل کے ذریعے شکایت کنندہ کو مطلع کیا جائے گا۔
