سری نگر میں سیکورٹی کو چوکس رہنے کی ہدایت

سری نگر میں سیکورٹی کو چوکس رہنے کی ہدایت

سری نگر/ جموں وکشمیر کے گرمائی دار لخلافہ سری نگر میں امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق حیدر پورہ انکاونٹر کے بعد لواحقین کی جانب سے مسلسل احتجاج کرنے کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ’پائین شہر کے ساتھ ساتھ سری نگر کے حساس علاقوں میں اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں‘۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ’حالیہ شہری ہلاکتوں اور حیدر پورہ انکاونٹر کے بعد مسلسل احتجاج کے پیش نظر سری نگر میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے حساس علاقوں میں اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جہاں پر راہگیروں ، مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ مشکوک افراد پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں اور کسی کو بھی امن وامان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔


واضح رہے کہ سری نگر میں حالیہ شہری ہلاکتوں کے بعد مرکزی حکومت نے ضلع سری نگر میں پیرا ملٹری فورسزکی اضافی تعیناتی عمل میں لائی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.