گاندربل/ ضلع گاندربل کے پاندچھ علاقے میں برلب سڑک بجلی ٹرانسفارمر تنازعہ کا باعث اور صارفین گذشتہ دو روز سے مسلسل بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ضلع گاندربل کے پاندچھ میر محلہ کا بجلی ٹرانسفارمر گذشتہ 20برسوں سے برلب سڑک 90فٹ روڑ پر نصب ہے تاہم مقامی آبادی نے اس ٹرانسفارمر کو دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کو تحریری وزبانی طور گذارش کی تھی کیونکہ اس ٹرانسفارمر کی وجہ سے یہاں آج تک کئی حادثات رونما ہوگئے ۔ گذشتہ دنوں جب دوپہر کے وقت یہ ٹرانسفارمر زور دار آواز سے جل کر راکھ ہوگیا اور یہاں سے آگ کے شعلے نمودار ہوگئے جس وجہ سے مقامی دکاندار محمد کمال پرے شدید طور جھلس گیا اور راہ چلتے مسافر اور اسکوٹر سوار بال بال بچ گئے ، اس حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اس ٹرانسفارمر کو جو نزدیکی سرکاری زمین موجود ہے ، وہاںپر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا اور ٹرانسفارمر مرمت کیلئے اٹھانے نہیں دیا۔ اسی دوران مقامی شخص نے اعتراض کرتے ہوئے دوسری جگہ جو کہ سرکاری اراضی ہے پر ٹرانسفارمر نصب کرنے سے اعتراض کیا اس طرح محکمہ بجلی اور عوام کے درمیان ٹھن گئی ہے ۔ جس وجہ سے مقامی آبادی گذشتہ 3دنوں سے بغیر بجلی ہے اور اس طرح مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں مقامی لوگوں نے حکام خصوصاً ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل اور چیف انجینئر بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ٹرانسفارمر کو موزون جگہ پر نصب کرنے کے احکامات صادر کریں تاکہ کوئی اور حادثہ پیش نہ آئے اور جلد سے جلد لوگوں کو بجلی سپلائی یقینی بنائی جائیں ۔





