سری نگر کورونا کی تیسری لہر شروع ہونے کی وجہ بن سکتا ہے: ضلع مجسٹریٹ سری نگر

سری نگر کورونا کی تیسری لہر شروع ہونے کی وجہ بن سکتا ہے: ضلع مجسٹریٹ سری نگر

سری نگر/ ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد کا ماننا ہے کہ سری نگر جموں وکشمیر میں کورونا کی تسیری لہر شروع ہونے کی وجہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں کورونا گائیڈ لائنز پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے یونین ٹریٹری کے کل کیسز میں سے 60 فیصد کیسز سری نگر میں ہی درج ہو رہے ہیں۔

موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں لالچوک میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ وہ بازاروں میں لوگوں کی طرف سے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل در آمد کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس دوران ماسک کے بغیر لوگوں کا خاص طور پر موقع پر کورونا ٹیسٹ بھی کیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا: ’پچھلے کچھ دنوں سے سری نگر ضلعے میں کورونا کیسز میں کافی اضافہ درج ہو رہا ہے جموں وکشمیر کے کل کیسز میں سے قریب60 فیصد کیسز صرف سری نگر میں ہی درج ہو رہے ہیں‘۔

اعجاز اسد نےکہا کہ سری نگر جموں وکشمیر میں کورونا کی تیسری لہر شروع ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا: ’سری نگر میں کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، میں ضلع مجسٹریٹ کی حیثیت سے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کر رہا ہوں کہ جموں وکشمیر میں کورونا کی تیسری لہر کی شروعات کی وجہ سری نگر ہی بن سکتا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک اگر تیسری لہر نہیں آئی ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں نے کافی احتیاط برتی ہے۔

موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ سری نگر میں بعض علاقوں میں مثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان علاقوں میں اسی طرح کیسز بڑھتے رہے اور لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا تو ہم کڑی سے کڑی کارروائی عمل میں لا سکتے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے کورونا کی تیسری لہر سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کرنے کی اپیل دہرائی۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.