جموں و کشمیر میں ڈینگی کے معاملات 750 کے ہندسے کو عبور کر گئے

جموں و کشمیر میں ڈینگی کے معاملات 750 کے ہندسے کو عبور کر گئے

جموں/ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں ڈینگی کے معاملات 750 کے ہندسے کو عبور کر گئے ہیں اور سب سے زیادہ 505 معاملات ضلع جموں میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے ڈینگی بیماری پر قابو پانے کی خاطر بڑے پیمانے پر بیداری مہم شروع کی ہے جس کے تحت لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرانے کی تلقین کی جا رہی ہیں۔

محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ڈینگی کے کیسز میں روز افزاں اضافہ ہو رہا ہے اور جمعہ تک اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو 55 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح سے متاثرین کی تعداد 754 تک پہنچ گئی ہیں، جن میں ضلع جموں میں سب سے زیادہ 505 کیسز درج کئے گئے ہیں۔مذکورہ عہدیدار کے مطابق کٹھوعہ ضلع میں 123 اور سانبہ میں 60 معاملات سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2014 کے بعد پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ ماہرین کے مطابق نومبر کے وسط تک کیسز کم ہونا شروع ہو جائیں گے۔سٹیٹ ملیریا آفیسر ڈاکٹر بیلو شرما نے ہفتہ کے روز یو این آئی کو بتایا کہ لوگوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کی خاطر مسلسل آگاہی مہم چلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار جموں کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سروال، ریہڑی، جانی پورہ کے علاوہ کٹھوعہ ضلع کے گووند سرکا علاقہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ڈینگی پر قابو پانے کی خاطر اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں اور وقتاً فوقتاً ہدایات بھی جاری کی جا رہی ہیں لیکن لوگوں کو بیماری سے محفوظ رہنے کی خاطر ماہرین کے مفید مشوروں اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اشد ضروت ہے۔

مذکورہ آفیسر کے مطابق بیماری پر قابو پانے کی خاطر لوگوں کو وزارت صحت کی جانب سے وضح کئے گئے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہئے تاکہ اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا نے گزشتہ دنوں ہی یونین ٹریٹری میں ڈینگی کے پھیلاو پر قابو پانے کی خاطر طبی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

دریں اثنا محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ڈینگی کے مریضوں کی سہولیات کے لئے بستروں کی گنجائش بھی بڑھا دی گئی ہے۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.