سری نگر/جموں وکشمیر ہاؤس بوٹ ایسوسی ایشن نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجی ’ہمارے ساتھ انصاف کرو‘ جیسے نعرے بلند کر رہے تھے۔
اس موقع پر نور محمد نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سل 2008 میں محکمہ سیاحت نے ہمارے ہاؤس بوٹوں کی لائسنسز منسوخ کیں لیکن ہماری باز آباد کاری نہیں کی گئی۔
انہوں کہا: ’ہم کم سے کم 72 کنبے ہیں جو پریشان ہیں کہ برف باری ہونے کا موسم آنے والا ہے ہم کہاں جائیں گے‘۔
نور محمد نے کہا کہ ہم گذشتہ تیرہ برسوں سے برابر دفتروں کی خاک چھان رہے ہیں لیکن ہماری باز آباد کاری کے لئے کچھ بھی نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے آج ہم یہاں احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے بھی اس سلسلے میں ایک حکمنامہ جاری کیا ہے لیکن اس پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہمیں بیس ہزار روپیے فی کنبہ کا معاوضہ دینے کے بارے میں بھی ایک حکمنامہ جاری کیا گیا لیکن ہم نے آج تک ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی ہاؤس بوٹ خستہ ہوگئے ہیں جن کو پانی میں ڈوب جانے کا خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان کی باز آباد کاری کے لئے فوری اقدام کرے۔
یو این آئی




