فضائیہ کا مراج 2000حادثہ کا شکار، پائلٹ محفوظ
بھنڈ۔گوالیار، 21اکتوبر (یو این آئی) فضائیہ کا جنگی طیارہ مراج۔2000آج تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوکر مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع کے دیہی علاقہ میں کھیت میں گر گیا۔ طیارہ اڑا رہا پائلٹ محفوظ ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ طیارہ کا ملبہ بویڑی گاوں میں کھیت میں یھیلا ہوا ہے اور متعلقہ علاقہ کو سیل کردیا گیا ہے۔ فضائیہ کا عملہ بھی وہاں پر پہنچ گیا ہے۔طیارہ اڑ ا رہے پائلٹ لیفٹننٹ ابھیلاش محفوظ ہیں اور طیارہ کریش ہونے کے دوران وہ اس سے کود جانے میں کامیاب رہے۔ وہ بھی کھیت میں ملے تھے۔ پولیس اور انتظامیہ کے حکام نے انہیں محفوظ مقام پر لے جاکر فضائیہ کے حکام کو سونپ دیا۔
کھیت میں طیارہ کا ملبہ کئی جگہ پھیلا ہو ا ہے۔ فضائیہ نے ٹوئٹ کے ذریعہ کہاکہ صبح تربیتی پرواز کے دوران مراج 2000طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوگیا۔ حادثہ کا اصل سبب معلوم کرنے کے لئے فضائیہ نے کورٹ آف انکوائری کی ہدایت دے دی ہے۔
دوسری طرف عینی شاہد گاوں والوں کا کہنا ہے کہ صبح کے وفت آسمان میں پرواز کرہے طیارہ میں دھنوا نکلتا نظر آیا اور وہ اچانک نیچے آنے لگا۔
اسی وقت پیراشوٹ بھی نظر آیا، جس میں ایک شخص لٹکا ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جس مقام پر طیارہ گرا، وہاں بڑا گڈھا ہوگیا ہے۔ گاوں والوں نے اس کی اطلا ع پولیس کو دی اور خبر ملنے پر بھنڈ پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار سنگھ بھی موقع پر پہنچے۔
گوالیار سے یواین آئی کے مطابق طیارہ نے صبح فضائیہ کے ہوائی اڈہ سے پرواز بھری تھی اور کچھ دیر بعد حادثہ کی اطلاع ملی۔