ہندوستانی آبدوزکوروکنے کے پاکستان کے دعوے پر بحریہ کی خاموشی

ہندوستانی آبدوزکوروکنے کے پاکستان کے دعوے پر بحریہ کی خاموشی

نئی دہلی / پاکستان کے سمندری حدودمیں مبینہ طورپردراندازی کی کوشش کرنے والی ہندوستانی بحریہ کی آبدوزکو اس کے سمندری علاقے میں داخل ہونے سے روکنے کے پاکستان کے دعوے پر بحریہ نے خاموشی اختیارکی ہوئی ہے اور سرکاری طورپر کچھ بھی کہنے سے انکارکردیا۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ نے منگل کے روز ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاک بحریہ کے مستعد گشتی اور جاسوسی طیارے نے گزشتہ ہفتہ کو پاکستان کے سمندری علاقے میں گھسنے کی کوشش کررہی ہندوستانی بحریہ کی آبدوز کا برقت پتہ لگاکر اپنی ہنر مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا راستہ روک دیا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ تیسراموقع ہےجب پاکستانی بحریہ نے ہندوستانی آبدوز کی کوشش کوناکام کیاہے۔

ہندوستانی بحریہ کے ترجمان سے جب اس کے بارے میں ردعمل جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اس پر کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ پاکستان اوربین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کے اس دعوے سے متعلق نشراور شائع ہونے کے باوجود ہندوستانی بحریہ نے اس پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ پاکستان نے اپنے دعوے کی حمایت میں اس واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے، حالانکہ اس ویڈیوسے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اس میں نظر آنے والی آبدوز ہندوستانی بحریہ کی ہے اور یہ پاکستان کےسمندری علاقے میں دراندازی کی کوشش میں ہے۔

بحریہ کے ذرائع کے حوالے سے آرہی میڈیا رپورٹوں میں پاکستان کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ پاکستان ماضی میں بھی ایسے دعوے کرتا رہا ہے اور ان میں ذرابھی سچائی نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان وقتا فوقتاایسے مشکوک دعوے کرتا رہا ہے۔

پاکستان نے اس سے قبل بھی سال 2016 اور 2019 میں ایسے ہی دعوے کیے تھے جنہیں ہندوستانی بحریہ نے یکسر مسترد کر دیا تھا۔

یہ دعویٰ پاکستان کی جانب سے ایسے وقت میں کیا گیاہے جب ہندوستان میں 4 دسمبر کو منائے جانے والے یوم بحریہ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ یہ دن ہندوستانی بحریہ کی تاریخ کا ایک سنہری باب سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1971 کی جنگ کے دوران بحریہ کی آبدوز نے اسی روز کراچی کی بندرگاہ پر تباہ کن حملہ کرکے پاکستان کی شکست کو یقینی بنایا تھا۔

سمندر ی ضوابط سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدہ میں کہاگیا ہے کہ کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک کے خصوصی اقتصادی زون میں بغیراجازت کے کسی طرح کی سرگرمی نہیں کر سکتا۔

یواین آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.