پونچھ تصادم دسویں روز میں داخل، مقامی لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی اپیل

پونچھ تصادم دسویں روز میں داخل، مقامی لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی اپیل

جموں/ جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے کے نار خاص جنگلوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ بدھ کو مسلسل دسویں روز بھی جاری رہی۔

دریں اثنا حکام نے گذشتہ روز مقامی لوگوں سے اپنے گھروں تک ہی محدود رہنے کی اپیل کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے نار خاص جنگلوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ بدھ کو دسویں روز بھی جاری رہی۔انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کی تلاش کے لئے آپریشن کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

حکام نے منگل کے روز مزید پانچ مشتبہ افراد کو محاصرے میں پھنسے جنگجوؤں کو غذا و دیگر سہولیات بہم پہنانے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے کم از کم آٹھ افراد کو ان جنگجوئوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیادں پر تلاشی آپریشن کے دوران کم از کم آٹھ افراد کو ان بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوئوں کو غذا و دیگر سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

نار خاص جنگلوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان 11 اکتوبر سے جاری جھڑپوں میں اب تک دو جے سی اووز سمیت نو فوجی جوان جان بحق ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پانچ سے آٹھ بھاری جنگجوئوں کا ایک گروپ سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے پیرا کمانڈوز کے ساتھ مینڈھر کے نار خاص جنگل میں چھپے ان جنگجوئوں کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن پہلے ہی شروع کر دیا ہے اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

دریں اثنا ضلع ہیڈکوارٹر پونچھ کو راجوری اور جموں کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ کو بمبر گلی اور جڑاں والی گلی کے مقامات پر بدستور بند رکھا گیا ہے۔

فوجی سربارہ ایم ایم نرونے نے منگل کے روز پونچھ اور راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں کا دورہ کرکے تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔اس دوران انہیں فوجی افسروں نے بھی تازہ صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.