کشمیر میں ہلاکتوں کی لہر، پاک بھارت کرکٹ میچ منسوخ کرنے کے مطالبات

کشمیر میں ہلاکتوں کی لہر، پاک بھارت کرکٹ میچ منسوخ کرنے کے مطالبات

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کسی بھی ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہائی وولٹیج مقابلہ ہوتا ہے۔ اور اس بار بھی دونوں ٹیموں کے درمیان 24 اکتوبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔

 ذرائع ابلاغ میں پاک بھارت میچ سے قبل ہی اس کی خصوصی کوریج ہوتی ہے اور اس حوالے سے بعض ٹی وی چینلز خصوصی اشتہارات بھی نشر کرتے ہیں۔

اس بار بھی بھارتی ٹی وی چینلز پر ‘موقع موقع’ نامی اشتہار کو ایک نئے انداز میں نشر کیا جا رہا ہے۔

دونوں ٹیموں کے مداح اس بڑے مقابلے میں اپنی اپنی ٹیموں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں وہیں بھارت سے یہ آوازیں بھی آ رہی ہیں کہ اس میچ کو منسوخ کر دیا جائے۔

 ذرائع ابلاغ کے مطابق یونین منسٹر گری راج سنگھ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ نہیں ہونا چاہیے۔

 ریاست راجستھان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر نہیں۔ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہندوؤں پر ہونے والے حملوں کے بعد امن و امان کی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے 24 اکتوبر کو ہونے والا میچ نہیں ہونا چاہیے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر انڈیا بمقابلہ پاکستان ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے اور ٹوئٹر صارفین اس میچ سے متعلق خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

سریا پرکاش نامی صارف کہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا مکمل بائیکاٹ ہونا چاہیے اور دنیا کو پیغام دینے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے اس میچ سے متعلق کہا ہے کہ یہ ان کے لیے معمول کا ایک میچ ہے۔

کوہلی سے جب پوچھا گیا کہ جب وہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہیں تو کس طرح کا احساس ہوتا ہے۔ اس پر کوہلی کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ اس میچ سے متعلق بہت سی باتیں ہوتی ہیں اور میچ کے تمام ٹکٹس بھی فروخت ہو جاتے ہیں۔ لیکن انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں کبھی کوئی خاص محسوس نہیں کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 17 میچز میں سے پاکستان نے صرف تین میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور یہ تینوں کامیابیاں چیمپئنز ٹرافی میں کھیلے جانے والے میچز ہیں۔

پاکستان کی بھارت کے خلاف قابلِ ذکر کامیابی 2017 کے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل مقابلے کی جیت ہے جس میں گرین شرٹس نے 180 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

آخری بار پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 2019 کے ورلڈکپ مقابلے میں آمنے سامنے آئی تھیں اور یہ میچ بھارت نے 89 رنز سے جیتا تھا۔

بشکریہ میڈیا رپورٹس

Leave a Reply

Your email address will not be published.