جمعہ, جولائی ۴, ۲۰۲۵
21.7 C
Srinagar

ڈاکٹر غلام مصطفیٰ خان جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ کے صدر منتخب

سری نگر/ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ خان کو پیر کے روز جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ (جے کے پی ایم) کا صدر منتخب کیا گیا۔

بتادیں کہ اس پارٹی کے صدر جاوید مصطفیٰ میر نے صدارتی عہدے سے مستعفی ہوکر چار اکتوبر کو جموں وکشمیر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

وہ سابق آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل، جنہوں نے مارچ 2019 میں اس پارٹی کی داغ بیل ڈالی تھی، کے میدان سیاست سے کنارہ کشی کے بعد جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ کے صدر بن گئے تھے۔

ڈاکٹر غلام مصطفیٰ، جو حافظ قرآن بھی ہیں، نے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے موقع پر یہاں پیرکے روز میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی قوم کی خادم ہے اور ہم ان بے بس وبے کس لوگوں کے ساتھ ہیں جن کی آواز اعلیٰ ایوانوں تک نہیں پہنچتی ہے۔

حالیہ شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’ہم کشمیر میں ہو رہی عام لوگوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہیں حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے فورسز اور مشینری کو استعمال میں لا کر ان ہلاکتوں میں ملوث افراد کو بے نقاب کرے اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنائے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری کا گراف دن بدن بڑھ رہا ہے اور یہی وجہ ہےکہ ہمارے پڑھے لکھے نوجوان منشیات کی لت میں پڑ رہے ہیں۔

موصوف صدر کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں مہنگائی بھی عروج پر ہے جس نے غریبوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔

ان کا مطالبہ تھا کہ غریبوں کی مالی معاونت کے لئے حکومت کو ایک پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے اور کے سی سی قرضے کو معاف کیا جانا چاہئے۔

ڈاکٹر مصطفیٰ خان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی جماعت میں شامل ہوکر سماج کے پسماندہ اور مستضعف طبقے کی مدد کے لئے اپنا ہاتھ بٹائیں۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img