سری نگر،2 اکتوبر : جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ شہرہ آفاق جھیل ڈل کی جس طرح صفائی کی جانی چاہئے تھی اس طرح نہیں کی جا رہی ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ انتظامیہ اس جھیل کی صفائی کے لئے بہت جلد مزید مشینوں کو کام پر لگائے گی۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’یہ بات صحیح ہے کہ جھیل ڈل کی جس طرح سے صفائی کی جانی چاہئے تھے اس طرح سے نہیں ہورہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ’جھیل کی صفائی کے لئے کچھ مشینیں کام کر رہی ہیں لیکن انتظامیہ صفائی کے عمل کو موثر بنانے کے لئے مزید مشینوں کو کام پر لگائے گی‘۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ جھیل ڈل کو صاف رکھنا لوگوں کی بھی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا: ’یہ لوگوں کی بھی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ جھیل کو صاف ستھرا رکھیں اس جھیل سے سری نگر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’میں سری نگر کے لوگوں سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ اجتماعی طور پر کوششیں کرکے اس جھیل کو بچائیں‘۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ نے سری نگر سمیت یونین ٹریٹری میں 15 روزہ صفائی مہم شروع کی ہے جس کے تحت لوگ اپنے ہمسایوں، دوستوں، رشتہ داروں کو اپنے اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کی تاکید کریں گے۔
