اوڑی میں تین بھاری مسلح جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے: فوج

اوڑی میں تین بھاری مسلح جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے: فوج

سری نگر، 23 ستمبر (یو این آئی) فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک اوڑی کے ہتھ لنگو جنگلات میں دراندازی کرنے والے تین بھاری مسلح جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے اور کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے جمعرات کو یہاں بادامی باغ فوجی چھاونی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ اس آپریشن کے متعلق تفصیلات شیئر کیں۔

اوڑی میں آپریشن کی سرپرستی کرنے والے فوجی یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر نے ویڈیو لنگ کے ذریعے پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور مہلوک جنگجوئوں سے برآمد ہونے والے اسلحہ و گولہ بارود اور دیگر سامان کی تفصیلات فراہم کیں۔

مذکورہ کمانڈنگ آفیسر نے کہا: ‘جمعرات کی صبح ایل او سی پر تعینات ہمارے فوجیوں نے تین افراد کو بھارتی حدود میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔ طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین دہشت گرد مارے گئے’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘مہلوک دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ اے کے سیریز رائفلز، سات پستولیں، 24 یو بی جی ایل گرینیڈز، 38 چینی ساخت کے گرینیڈز، سات پاکستانی ساخت کے گرینیڈز، 35 ہزار روپے انڈین کرنسی، 10 ہزار 300 روپے پاکستانی کرنسی اور کچھ کھانے پینے کی چیزیں برآمد کی گئی ہیں’۔

لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے کہا کہ یہ 18 ستمبر کے بعد اوڑی میں جنگجوئوں کی طرف سے دراندازی کی دوسری کوشش تھی۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگی ساز و سامان بالخصوص پستولیں اور گرینیڈز کو یہاں بھیجنا ایک معمول بن چکا ہے’۔

واضح رہے کہ ضلع بارہمولہ کے اوڑی میں گزشتہ چند دنوں سے فوج کا بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن چل رہا تھا۔اس دوران وہاں تین دنوں تک موبائل فون اور انٹرنیٹ خدمات بھی منقطع رکھی گئی تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.