ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیارتِ حضرت مخدوم صاحبؒ پر حاضری

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیارتِ حضرت مخدوم صاحبؒ پر حاضری

سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج تاریخی اور قدیم درگاہ حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدوم کشمیریؒ واقع کوہ ماراں پر حاضری دی، جہاں اس وقت سالانہ عرس کے تقاریب جاری ہیں۔اُن کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر بھی تھے۔

اس موقعے پر خدامانِ زیارت نے دونوں لیڈران کی دستار بندی۔ پیر حضرات نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانی کی بقائ، جموں و کشمیر میں پائیدار امن، کشمیریوں کی فتح و نصرت، لوگوں کی خوشحالی اور خصوصاً کورونا وائرس سے نجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے کہا کہ بزرگانِ دین کے تبلیغ و اشاعت کی بدولت ہی ملک کشمیر کا زرہ زدہ اسلام کے نور سے سرسبز و شاداب ہوا ۔

انہی اولیائے کرام کی بدولت ہمیں اسلام کی عظیم نعمت اور دولت نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ قوموں کے عروج و زوال، سربلندی،ترقی و تنزلی،خوش حالی و فارغ البالی اور بد حالی میں اتحاد و اتفاق کا ہونا اور نہ ہونا کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج دنیا میں ملت اسلامیہ پریشانِ حال اور مشکلات سے دوچار ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ ہے کہ مسلمانوں میں جذبہ اخوت، ہمدردی، آپسی سوجھ بوجھ، اتحاد و اتفاق کا فقدان ہے۔جب تک اُمت مسلمہ متحد تھی تب تک ہر ایک مسلم مملکت خوشحال اور ترقی یافتہ تھے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اہل جموں وکشمیر سے اپیل کی کہ موجودہ نامساعد حالات کے پیش نظر خوف خدا میں رہ کر آزمائشوں سے نجات کی دعائیں مانگیں۔اُن کا کہنا تھا کہ بزرگان دین کی درگاہیں ہمارے تہذیب و تمدن اور اسلامی تاریخ کے گہوارے رہے ہیں اور یہ درگاہیں ہمارے دلوں کو سکون بخشتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان درگاہوں پر اپنے نیک بندوں کی دعائیں قبول کرتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.