سری نگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کی صبح الصبح وادی کشمیرمیں سری نگر سمیت چار اضلاع میں چھاپے مارے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے سیکورٹی فورسز کے ہمراہ سری نگر کے مضافاتی علاقہ لسجن میں محمد شفیع وانی اور اس کے بیٹے رئیس احمد کی رہائش گاہوں پر منگل کی صبح چھاپے مارے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں باپ بیٹے کے موبائل فونز کو ضبط کیا گیا اور بعد میں انہیں پوچھ گچھ کے لئے پولیس اسٹیشن پانتھہ چوک میں حراست میں رکھا گیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کولگام میں وسیم احمد ڈار ولد نذیر احمد ڈار ساکن لارم گنج پورہ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا جبکہ ضلع اننت ناگ میں بشیر احمد پڈر ولد غلام محمد پڈر ساکن بامو سدی وار، جو اپنے وارڈ کا پنچ بھی ہے، اور شاکر احمد بٹ ولف غلام رسول بٹ ساکن ناؤ پورہ ڈورو کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ این آئی اے نے ضلع بارہمولہ کے شیری علاقے میں بھی منگل کی صبح غلام محی الدین وانی ولد مرحوم غلام محمد وانی، جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک سرکاری ملازم ہے،کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق صوبہ جموں میں ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں این آئی اے نے منگل کی صبح چھاپے ڈالے۔بتادیں کہ این آئی اے نے جموں وکشمیر میں ٹیرر فنڈ کیس کے سلسلے میں زائد از ایک درجن افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
یو این آئی