سید علی گیلانی کی میت کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک انسانیت کے خلاف: محبوبہ مفتی

سید علی گیلانی کی میت کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک انسانیت کے خلاف: محبوبہ مفتی

سری نگر، 6 ستمبر (یو این آئی) پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ سینیئر حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک انسانیت کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک زندہ انسان کے ساتھ اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن موت کے بعد اس کی میت کا احترام کیا جانا چاہئے۔موصوفہ نے کہا کہ اہلخانہ کو بھی مرحوم حریت رہنما کے آخری رسومات انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہئے تھی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بندوق کے بل پر کسی بھی رہنما کو پسند یا ناپسند نہیں کروایا جا سکتا ہے۔

محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہم ویڈیوز اور نیوز کے ذریعے دیکھ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر میں لوگ غمزدہ ہیں، آپ کی جنگ زندہ انسان کے ساتھ ہو سکتی ہے لیکن موت کے بعد اس کی میت کو عزت دینی چاہئے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘ہمارے بھی گیلانی صاحب کے ساتھ اختلافات تھے لیکن ایک میت کی بے حرمتی جیسا کہ ہم نے سنا، پڑھا یا ویڈیوز میں دیکھا، انسانیت کے خلاف ہے’۔موصوفہ نے کہا کہ ان (سید علی گیلانی) کی آخری خواہش پوری کی جانی چاہئے تھی اور ان کے اہلخانہ کو تجہیز و تکفین انجام دینے کی اجازت دی جانی چاہئے تھی۔

انہوں نے کہا: ‘لیکن اس کے برعکس ان کے اہلخانہ کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا بلکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘اتنے بڑے ملک جس کو بھائی چارے، جمہوریت وغیرہ کی وجہ سے دنیا میں عزت کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے، میں کسی کی میت کے ساتھ کھلواڑ نہیں کیا جانا چاہئے، یہ لوگ میت سے اتنا ڈر جاتے ہیں’۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی کے ساتھ اختلاف ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس کی میت سے بدلہ لیا جائے۔انہوں نے کہا: ‘بندوق کے بل پر کسی لیڈر کو پسند یا ناپسند نہیں کروایا جا سکتا ہے یہاں لوگوں نے بغیر کسی کال کے اپنے دکان بند کئے جس پر ان کو دھمکیاں بھی دی گئیں، لوگ غمزدہ ہیں اگرکوئی گیلانی صاحب کے ساتھ اختلاف بھی کرتا تھا لیکن ان کی میت کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کی وجہ سے وہ بھی غمزدہ ہیں’۔

واضح رہے کہ یکم ستمبر کو انتقال کرنے والے 92 سالہ سید علی گیلانی کے خاندان کا الزام ہے کہ پولیس نے مرحوم کی میت زبردستی اپنی تحویل میں لی اور انہیں ان کی وصیت کے برخلاف حیدرپورہ کی جامع مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کر دیا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.