نئی دہلی ، 6 ستمبر (یو این آئی) ہماچل پردیش میں نامیاتی کاشتکاری پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ اس سے نہ صرف لوگوں کی صحت بہتر ہوگی بلکہ کسانوں کو ان کی پیداوار سے مکمل فوائد حاصل ہوں گے ہماچل پردیش کے تمام 55 لاکھ اہل افراد کے کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک کی تکمیل کے بعد مسٹر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ریاست کو اگلے 25 برسوں میں کیمیکل سے پاک کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں صلاحیت ہے اورانہیں یہاں کے نوجوانوں پر مکمل بھروسہ ہے۔ یہاں کے نوجوانوں نے جس طرح ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے ، اسی طرح وہ یہاں کی مٹی کی بھی حفاظت کریں گے اور یہاں کے کسان اس میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہماچل پردیش کو ایک لاکھ کروڑ روپے کے زرعی انفراسٹرکچر فنڈ سے بھرپور فائدہ اٹھاکر اور اس کی مدد سے کولڈ اسٹوریج اور فوڈ پروسیسنگ پلانٹس لگا کر مقامی پیداوار سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جدید رابطے کی توسیع پر زور دے رہی ہے اور سڑک ، ریل ، ہوائی اور انٹرنیٹ خدمات کی توسیع کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس سے سیاحت کے ساتھ ساتھ کسانوں ، تعلیم اور صحت کے شعبے کو بہت زیادہ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔