ویب ڈیسک
سرینگر /وادی کشمیر میں بھارت سنجار نگم لمیٹیڈ (بی ایس این ایل) سمیت سبھی مواصلاتی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جانی والی انٹرنیٹ سروس سوموار کو مسلسل پانچویں روز بھی معطل ہے ۔
حکام نے جمعہ کی شب دوروز تک معطل رہنے والی موبائیل وائس کال اور براڈ بینڈ وٹی ایس پیز انٹرنیٹ خدمات بحال کردئے تھے ۔وادی کشمیر میں بدھ کی شب حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد احتیاطی اقدامات کے تحت موبائیل انٹرنیٹ سعروس معطل کردی گئی تھی ،جو ہنوز معطل ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورت ِ حال کنٹرول میں ہے اور ممکنہ طور پر آج شام وادی کشمیر میں موبائیل انٹرنیٹ سروس دوبارہ بحال کردی جائیگی ۔تاہم آزاد ذرائع نے اسکی تصدیق نہیں کی۔البتہ پولیس حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں
بارہمولہ ۔بانہال ریل سروس بھی معطل

وادی کشمیر میں سوموار کو مسلسل پانچویں روز بھی احتیاطی اقدامات کے تحت بارہمولہ ۔بانہال ریل سروس معطل رہی ۔حکام نے بتایا کہ وادی کشمیر میں سوموار کو کوئی بھی ریل گاڑی اپنا سفر نہیں کرے گی اور یہ فیصلہ حکومتی ایڈوائزی کے مطابق لیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق نہ ہی سرینگر بڈگام ۔بارہمولہ کے درمیان کوئی ریل گاڑی آج چلے گی اور اسی طرح ناہی بڈگام ۔سرینگر ۔اننت ناگ ۔قاضی گڈ اور بانہال کے درمیان کوئی ریل گاڑی چلے گی۔
وادی کشمیر میں یہ سروس جمعرات کو حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اور بزرگ علحیدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد احتیاطی اقدامات کے تحت معطل کی گئی ۔حکام کے مطابق پولیس ایڈوائزی کے بعد ہی یہ سروس دوبارہ بحال کی جائیگی ۔
اس خبر میں خبررساں ادارے یو این آئی سے بھی معلومات حاصل کی گئیں