پولیس سربراہ کا صحافیوں کو زد و کوب کرنے والے پولیس افسر کے خلاف کارروائی کا حکم

پولیس سربراہ کا صحافیوں کو زد و کوب کرنے والے پولیس افسر کے خلاف کارروائی کا حکم

سری نگر،18 اگست (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے گزنشتہ روز محرم جلوس کی کوریج کے دوران صحافیوں کو زد کوب کرنے والے پولیس افسر کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔

بتا دیں کہ جموں و کشمیر پولیس نے منگل کے روز گرو بازار سے برآمد ہونے والے تاریخی ماتمی جلوس کو نکالنے سے روکنے کی کارروائی کے دوران جہانگیر چوک میں صحافیوں کے ایک گروپ کو بھی زد و کوب کیا۔

صحافیوں کا کہنا تھا ‘جب ہم نے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی وجہ جاننا چاہی تو انہوں نے ہمارے کچھ ساتھیوں کو پھر پیٹا۔ ہمارے ایک ساتھی کا کیمرہ بھی توڑا گیا ہے نیز چند ایک کو معمولی نوعیت کی چوٹیں بھی آئی ہیں’۔

موصوف پولیس سربراہ نے میڈیا سے وابستہ افراد کے خلاف اس پولیس ایکشن کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سری نگر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس غلطی کے مرتکب پولیس افسر کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

جموں و کشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: ’جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ شری دلباغ سنگھ نے سری نگر میں گزشتہ روز کچھ صحافیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناپسندیدہ سلوک کا سنجیدہ نوٹس لیا۔ ایس ایس پی سری نگر کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس غلطی کے مرتکب پولیس افسر کے خلاف فوری کارروائی کرے‘۔


یو این آئی  

Leave a Reply

Your email address will not be published.