بھارت کا کابل سے سفارتی عملہ نکالنے کا اعلان، بائیڈن کا افغانستان سے متعلق فیصلے کا دفاع

بھارت کا کابل سے سفارتی عملہ نکالنے کا اعلان، بائیڈن کا افغانستان سے متعلق فیصلے کا دفاع

صدر بائیڈن کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکہ کے چار صدرو افغانستان کی جنگ دیکھ چکے ہیں۔ میں یہ ذمہ داری پانچویں صدر کو منتقل نہیں کروں گا۔

فائل فوٹو
خلاصہ
  • بھارت نے کابل سے اپنے سفیر اور سفارتی عملے کو واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
  • امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
  • امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے پیر کی سہ پہر قوم سے اپنے خطاب میں افغانستان سے امریکی فورسز کی واپسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس جنگ کی ذمہ داری پانچویں امریکی صدر کو منتقل نہیں کریں گے۔
  • امریکہ نے افغانستان کی صورت پر اتفاق رائے کے لیے روس اور چین سے رابطہ کیا ہے۔
  • طالبان نے جس تیزی سے افغانستان پر قبضہ کیا اس سے دنیا حیرت زدہ ہے۔ مبصرین کے مطابق طالبان نے پروپیگنڈے، نفسیاتی حربوں اور دھمکیوں سے ایسی حکمتِ عملی ترتیب دی جس سے لڑائی کے بغیر ہی وہ قبضہ جماتے گئے اور کابل پہنچ گئے۔
  • چین اور روس کا کابل میں سفارت خانے فعال رکھنے کا اعلان

افغان عوام کے ساتھ تعاون کا عزم برقرار ہے: امریکی سفیر

کابل میں تعینات امریکہ کے سفیر روز ولسن نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وہ اور امریکی سفارتی عملہ افغانستان چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اور امریکی سفارت خانے کا عملہ بدستور کابل میں ہی موجود ہیں۔ ان کے بقول وہ کابل میں موجود ایک ہزار امریکی شہریوں کے علاوہ عدم تحفظ کے شکار افغان عوام سے رابطے میں ہیں۔

روز ولسن نے مزید کہا کہ افغان عوام کے ساتھ ہمارا تعاون کا عزم برقرار ہے۔

 

اینٹنی بلنکن کا پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے رابطہ

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

 

مجھے علم ہے افغانستان سے متعلق فیصلے پر تنقید ہوگی: بائیڈن

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہیں علم ہے کہ افغانستان سے متعلق ان کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا لیکن وہ افغان جنگ کی ذمہ داری ملک کے اگلے صدر پر ڈالنے کے بجائے یہ تنقید برداشت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے متعلق فیصلہ امریکی عوام اور ملک کے حق میں بہتر ہے۔

 

بھارت کا کابل سے سفیر اور سفارتی عملے کو فوری واپس بلانے کا اعلان

بھارت نے کابل میں تعینات سفیر اور سفارتی عملے کو وطن واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ارندم بگچی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ افغانستان کی تیزی سے بدلنے والی صورتِ حال کے پیشِ نظر کابل سے سفیر اور سفارتی عملے کی فوری واپسی کا فیصلہ کیا ہے اور وہ جلد بھارت پہنچ جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.