سری نگر، 7 اگست (یو این آئی) وسطی ضلع بڈگام کے موچھو علاقے میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک جنگجو کو ہلاک کیا جبکہ دوسرے جنگجو کو گرفتار کیا ہے۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے اس تصادم کے بارے میں تازی جانکاری فراہم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ضلع بڈگام کے موچھو میں ہفتے کی علی الصبح ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ دوسرے کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جائے تصادم آرائی سے جو جنگجو فرار ہوا تھا، اس کو کھریو علاقے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدہ جنگجو کی تحویل سے ایک پستول اور ایک گرینیڈ بھی بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹرک ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا گیا۔
قبل ازیں جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ضلع بڈگام کے موچھو میں ہفتے کی علی الصبح ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘موچھو بڈگام میں ایک عدم شناخت دہشت گرد مارا گیا۔ ایک اے کے 47 اور ایک پستول برآمد ہوئی ہے۔ تلاشی آپریشن جاری ہے’۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے موچھو علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے جمعے کی رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے مسترد کی۔
یو این آئی
