کشتواڑ میں ریسکیو آپریشن جاری، لاپتہ افراد کا کوئی سراغ نہیں مل پایا

کشتواڑ میں ریسکیو آپریشن جاری، لاپتہ افراد کا کوئی سراغ نہیں مل پایا

جموں، 30 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے ہونزر دچھن میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو فلیش فلڈ کا واقعہ پیش آنے کے بعد لاپتہ ہونے والے 19 افراد کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جمعے کو مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔
تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق پولیس، فوج اور ایس ڈی آر ایف کی انتھک کوششیں ابھی تک کامیاب ثابت نہیں ہو پائی ہیں اور لاپتہ افراد کا کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔

واضح رہے کہ ضلع کشتواڑ کے ہونزر دچھن میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں کے نیتجے میں سات افراد جاں بحق، ڈیڑھ درجن زخمی جبکہ 19 دیگر لاپتہ ہو گئے۔

آئی جی پی جموں کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر جمعے کو ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔اس میں مزید کہا گیا: ‘اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ گزشتہ دو دنوں سے ہونزر دچھن میں خیمہ زن ہیں۔ وہ پولیس کی جانب سے ضلع انتظامیہ، فوج اور ایس ڈی آر ایف کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے ریسکیو/سرچ آپریشن کی نگرانی/ قیادت کر رہے ہیں’۔

اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے سینئر افسران ریسکیو آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔


انہوں نے کہا: ‘کشتواڑ میں گزشتہ روز قدرتی آفت آئی۔ اس میں کئی خاندانوں نے اپنے چہیتے کھو دیے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘انتظامیہ کے سینئر افسران ریسکیو آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں آپریشن میں لگی ہوئی ہیں۔ ہم سے جو کچھ ممکن ہوگا ہم کرنے کو تیار ہیں۔ میری دعا ہے کہ لاپتہ ہونے والے افراد زندہ ہوں’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.