جموں و کشمیر میں اس سال 1.30 کروڑ پودے لگائے جائیں گے: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

جموں و کشمیر میں اس سال 1.30 کروڑ پودے لگائے جائیں گے: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

جموں، 30 جولائی (یو این آئی) لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعے کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) جموں سے ‘گرین جے اینڈ کے ڈرائیو 2021’ کا آغاز کیا جس کے تحت سال رواں کے دوران جموں و کشمیر میں تقریباً 1.30 کروڑ پودے لگانے کی تجویز ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پودے لگانے کی میگا مہم کے آغاز کے موقع پر آئی آئی ٹی کیمپس میں ‘کپریسس’ کا ایک پودا لگایا۔
گرین جے اینڈ کے ڈرائیو کا اقدام قومی جنگلات کی پالیسی 1988 اور جے کے جنگل کی پالیسی 2011 کے مطابق ہے جس میں یو ٹی میں جنگلات کے اندر اور باہر جنگلات کی تمام زوال پذیر زمینوں پر شجرکاری کا تصور ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گرین جے اینڈ کے ڈرائیو کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز، خاص طور پر ولیج پنچایتوں، خواتین، طلبا، اربن لوکل باڈیز، اداروں، این جی اوز کی شمولیت کے ساتھ بڑے پیمانے پر عوامی تحریک پیدا کرنا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد جموں و کشمیر کا دو تہائی جغرافیائی علاقہ جنگل اور درختوں کے احاطہ میں لانا ہے۔ جموں و کشمیر میں جنگل اور درختوں کا احاطہ تقریباً 55 فیصد ہے جو قومی اوسط 24.56 فیصد سے کافی زیادہ ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سائنس اور ماحولیات کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ماحول کی ترقی اور تحفظ کے درمیان توازن کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے محکمہ جنگلات کی جانب سے اس سال 130 لاکھ پودے لگانے کا ہدف رکھنے والے سبز جموں و کشمیر مہم کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محکمہ کی خدمت کے 130 سال مکمل ہونے کے موقع پر سکولوں، غیر سرکاری اداروں، ولیج پنچایت شجرکاری کمیٹیوں کے تعاون سے یو ٹی میں گرین کوور بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔
لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جموں و کشمیر میں گرین انڈیا مشن عوامی شراکت کے جذبے سے نافذ کیا جا رہا ہے جو 320 دیہات میں جنگلات کے معیار اور مقدار میں بہتری کے علاوہ معاشی فوائد حاصل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی بحالی میں ہر شہری کو ایک اہم کردار ادا کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے آئی آئی ٹی جموں انتظامیہ سے کہا کہ وہ ماحول دوست پہل کرنے میں سرشار کوششیں کریں تا کہ یہ نامور ادارہ گرین کیمپس اور پائیداری کی بنیاد پر گرین میٹرک ورلڈ کالجز مقابلے میں شامل ہو سکے اور 50 کی درجہ بندی میں اپنی جگہ بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی میں پورا ملک کاربن کے اثر کو کم کرنے کے لئے شمسی توانائی سے فائدہ اٹھانے میں آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحول کے بڑھتے ہوئے عدم توازن کو روکنے کے لئے ہم بھی اس کی تلاش کر سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.