سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک تین مختلف مقامات پر مبینہ ڈرونز دیکھے گئے

سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک تین مختلف مقامات پر مبینہ ڈرونز دیکھے گئے

جموں، 30 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع سانبہ میں جمعرات کی رات تین مختلف مقامات پر ایک بار پھر فضا میں کوئی اڑنے والی شئے غالباً ڈرونز گردش کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
ایس ایس پی سانبہ راجیش شرما نے بتایا کہ ضلع سانبہ میں جمعرات کی رات تین مختلف مقامات پر مشکوک چیزوں کو فضا میں گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا جو غالباً ڈرون تھے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی برہمنا میں فوجی کیمپ کے نزدیک ایک ڈورن کو دیکھا گیا، گگوال علاقے میں دوسرے اور تیسرے ڈرون کو چلیریان گاؤں میں دیکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چلیریان گاؤں میں بی ایس ایف اہلکاروں نے ڈرون کی طرف کچھ گولیاں بھی چلائیں لیکن وہ اس کو نہیں لگیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ ہماری پوری نفری ہائی الرٹ پر ہے اور ہم نے ان تینوں علاقوں میں سرچ آپریشن چلایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ان علاقوں میں مختلف فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن رات بھر جاری رہا اور اس کو صبح کے وقت بھی جاری رکھا گیا۔ ہمیں ابھی تک کوئی مشکوک شئے برآمد نہیں ہوئی ہے’۔
دریں اثنا جموں کے سرحدی علاقہ پرگوال کے لوگوں نے بھی فضا میں ڈرون جیسی شئے کو دیکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔
وکاس شرما نامی ایک نوجوان نے بتایا: ‘میں رات کے ساڑھے آٹھ بجے اپنے کمرے سے باہر نکلا تو میں نے آسمان میں ایک چمکتی ہوئی چیز کو گردش کرتے ہوئے دیکھا’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘وہ چیز کسی ڈرون کی طرح نظر آ رہی تھی۔ میں نے اپنے دوستوں کو بلایا تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ یہ ڈرون ہے۔ ہم نے پولیس کو مطلع کیا جس کی نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن چلایا’۔
علاقے میں سرچ آپریشن کی سرپرستی کرنے والے پولیس افسر نے بتایا: ‘کل رات ساڑھے آٹھ سے پونے نو بجے کے درمیان یہاں کے لوگوں نے ہمیں اطلاع دی کہ یہاں آسمان میں ایک ڈرون گردش کر رہا ہے۔ ہم نے یہاں رات دیر گئے تک سرچ آپریشن چلایا۔ ہم نے آج صبح سرچ آپریشن بحال کیا لیکن ہمیں کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی’۔
بتا دیں کہ جموں ایئر سٹیشن پر 27 جون کو ہوئے ڈرون حملے کے بعد علاقے میں ڈرونز کی سرگرمیوں میں اضافہ درج ہوا ہے۔

یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.