سری نگر،30 جولائی (یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں خانپورہ برج کے نزدیک جمعہ کے روز مشتبہ جنگجوؤں کے گرینیڈ حملے کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے چار اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے خانپورہ برج کے نزدیک جمعہ کے روز نماز جمعہ سے قبل مشتبہ جنگجوؤں نے سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے چار اہلکار اور ایک شہری آہنی ریزے لگنے سے زخمی ہوگئے۔
زخمی اہلکاروں کی شناخت اسسٹننٹ سب انسپکٹر کسکو، کانسٹیبل دیا آنند کمار، کملیش سنگھ اور گوتم منڈل کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی شہری کی شناخت ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یو این آئی