فوج نے گلوان وادی میں قربانیاں پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا

فوج نے گلوان وادی میں قربانیاں پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا

سری نگر،15 جون (یو این آئی) فوج نے منگل کے روز ان فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے سال گذشتہ اسی دن مشرقی لداخ کی گلوان وادی میں حقیقی کنٹرول لائن پر چینی فوج کے ساتھ ٹکراؤ کے دوران قربانیاں پیش کیں۔

دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ فائر اینڈ فیوری کور نے سال گذشتہ آج ہی کے دن یعنی 15جون کو گلوان وادی میں شہید ہونے والے جوانوں کو پہلی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ اسی دن چینی فوج کے حملے میں 20 جوانوں نے ملک کی حفاظت کے لئے قربانیاں پیش کی تھیں اور چینی فوج کو بھی زبرست نقصان سے دوچار کردیا تھا۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر فائر اینڈ فیوری کور کے سی او ایس میجر جنرل آکاش کوشک نے لیہہ میں قائم ’وار میموریل‘ پر پھول مالا چڑھا کر ان بہادر جوانوں کو خراج پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم ان بہادر جوانوں کی قربانیوں کی ہمیشہ مشکور رہے گی جنہوں نے کٹھن حالات میں لڑ کر ملک کی خدمت میں قربانیاں پیش کیں۔

بتادیں کہ سال گذشتہ ماہ مئی میں ہی مشرقی لداخ میں حقیقی لائن آف کنٹرول پر بھارت اور چین کی فوج کے درمیان ٹکراؤ ہوا تھا۔بعد ازاں 15 جون کو چینی فوج نے بھارتی فوجی جوانوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کم سے کم بیس فوجی جوان از جان جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بگڑ گئے تھے اور بھارت میں چینی مصنوعات کے بائیکاٹ کے لئے آوازیں بلند ہوئی تھی اس کے علاوہ کئی جگہوں خاص کر صوبہ جموں میں لوگوں نے چین کے خلاف احتجاج بھی درج کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2017 میں بھارتی اور چینی فوج کے درمیان ڈوکلام میں 73 دنوں تک فوجی ٹکراؤ کی صورتحال سایہ فگن رہی تھی۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.