ضلع میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں مزید کوئی نرمی نہیں لائی جائے گی:ضلع مجسٹریٹ سری نگر

ضلع میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں مزید کوئی نرمی نہیں لائی جائے گی:ضلع مجسٹریٹ سری نگر
سری نگر،15 جون (یو این آئی) ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد نے کہا ہے کہ تسلی بخش ویکسینیشن تک ضلع کے کسی بھی کنٹینمنٹ زون کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں گذشتہ ایک ہفتے سے جاری جزوی لاک ڈاؤن میں مزید کوئی بھی نرمی نہیں لائی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل دہرائی۔


موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔انہوں نے کہا: ’ضلع سری نگر میں کورونا کے مثبت معاملوں میں لگاتار گراوٹ آنے کے بعد پچھلے ہفتے جزوی ان لاک کیا گیا وہ اس ہفتے بھی جاری رہے گا اور اس میں مزید کوئی نرمی نہیں لائی جائے گی کیونکہ ضلع میں ابھی بھی کورونا مثبت معاملوں کی شرح ساڑھے پانچ فیصد ہے‘۔
مسٹر اعجاز اسد نے کہا کہ تسلی بخش ویکسینیشن تک ضلع کے کسی بھی کنٹینمنٹ زون کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا: ’ضلع میں 104 کنٹینمنٹ زون ہیں جب تک ان میں تسلی بخش ویکسینیشن نہیں ہوگی تب تک ان میں سے کسی بھی زون کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا جائے گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں آج تک کل6 لاکھ 8 ہزار 2 سو مثبت معاملات درج ہوئے ہیں جن میں سے زائد از 65 ہزار روبہ صحت ہوئے ہیں اور ضلع میں صحت یاب ہو نے کی شرح 95.5 فیصد ہے۔

موصوف نے کہا کہ ضلع میں اب تک 7 لاکھ 22 ہزار کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں جو مقررہ شیڈول سے کافی زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں 3 لاکھ 4 ہزار 5 سو کورونا ویکسین لگوائے گئے اور ضلع کے مختلف علاقوں میں ویکسینیشن میلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے لوگوں سے ایک بار پھر کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی۔قابل ذکر ہے کہ کورونا معاملات و اموات میں کمی واقع ہونے کے ساتھ ہی جموں وکشمیر انتظامیہ نے یونین ٹریٹری کے سبھی بیس اضلاع میں کورونا لاک ڈاؤن میں 31 مئی کو نرمی کی تھی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.