نئی دہلی //کورونا وائرس نے ملک میں ایک کہرام مچا رکھا ہے۔ حکومتوں کے انتظامات ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ مرکزی حکومت سب کچھ ٹھیک کرنے کے دعوے تو کر رہی ہے ، لیکن حقیقت یہ ہے کہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ روزانہ لاکھوں کی تعداد میں کورونا متاثرہ افراد سامنے آ رہے ہیں اور ہزاروں افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔ ان سب کے بیچ میں سینٹرل وسٹا منصوبہ جاری ہے، جس پر مرکز کی مودی حکومت ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے سینٹرل وسٹا منصوبے پر ایک بار پھر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سانسوں کی ضرورت ہے، وزیراعظم کی رہائش نہیں! راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی اس معاملے کو مستقل طور پر اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک ایک مشکل وقت میں ہے۔ ایسی صورتحال میں ابھی سینٹرل وسٹا منصوبے پر فوری پابندی عائد کردی جانی چاہیے اور اس رقم کو کورونا مریضوں پر خرچ کی جانی چاہیے۔ لیکن مرکزی حکومت اس کے لئے تیار نہیں ہے۔
سینٹرل وسٹا منصوبہ دسمبر 2022 تک تیار ہونا ہے۔ اس منصوبے میں 13 ہزار 450 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ کورونا سے ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے کانگریس مسلسل بی جے پی سمیت وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتی رہی ہے۔