کلکتہ2مئی/ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کی شاندار جیت کے بعد ممتا بنرجی نے بھی نندی گرام میں سخت مقابلے کے بعد 1201ووٹوں سے جیت حاصل کرلی ہےابتدا سے ہی ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں جانے والے شوبھندو ادھیکاری آگے چل رہے تھے مگر آخری رائونڈ میں تمام فاصلے کو مٹاتے ہوئے ممتا بنرجی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
شوبھندو ادھیکاری گزشتہ سال دسمبر میں ہی بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔اس کے بعد سے ہی وہ ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی پر سخت حملہ کررہے تھے۔شوبھندو ادھیکاری کے بی جے پی میں شمولیت کے بعد یہ دعویٰ کیاجارہا تھاکہ مشرقی مدنی پور اور جنگل محل سے ترنمول کانگریس کا صفایا ہوجائے گا۔مگر ممتا بنرجی نے نندی گرام سے انتخاب لڑکر ادھیکاری کے چیلنج کو قبول کرلیا تھا۔
10مارچ کو ممتا بنرجی نے پرچہ نامزدگی داخل کی اور اس کے بعد ان پر حملہ ہوا جس میں ان کے پائوں میں چوٹ پہنچی ۔ممتا بنرجی اس کے بعد انتخابی مہ وئی چیئر کے ذریعہ ہی چلایا ۔ممتا بنرجی پر حملے کے بعد بی جے پی نے جہاں ان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی وہیں ترنمول کانگریس نے اس کے ذریعہ ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی ۔
یکم اپریل کو یہاں پولنگ ہوئی تھی۔پولنگ کے دوران شوبھندو ادھیکاری بوتھ کا دورہ کرتے ہوئے نظر آئے ۔ممتا بنرجی اس دن نندی گرام میں ہی تھی مگر گڑبڑی کی خبر ملنے کے بعد ممتا بنرجی دوپہر کو نکلیں اور ایک پولنگ بوتھ کے باہر جاکر بیٹھ گئیں ۔یہاں پر ووٹروں کاالزام تھاکہ ترنمول کانگریس کے حامیوں کو ووٹ دینے نہیں دیا جارہا ہے ۔
نندی گرام میں شوبھندو ادھیکاری اور بی جے پی دونو ں نے ممتا بنرجی کو ہرانے کےلئے پوری قوت جھونک دی تھی مگر بی ج پی کی پوری مشنری بھی ممتا بنرجی کی جیت کو نہیں روک سکی۔خیال رہے کہ 2006میں نندی گرام میں بائیں محاذ کے حصول اراضی کے خلاف تحریک چلاکر ہی ممتا بنرجی نے بنگال کی سیاست میں واپسی کی تھی ۔
یواین آئی
