ہندوستان میں کورونا کے 349691 نئے کیسز، 2767 اموات
مرکزی وزارت صھت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 349691 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی، اس دوران 2767 مریضوں کی موت ہو گئی جبکہ 217113 افراد نے شفایابی حاصل کر لی۔
ہندوستان میں اب تک مجموعی طور پر 16960172 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ 14085110 افراد شفایابی حاصل کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 192311 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور فی الحال 2682751 کیسز فعال ہیں۔ ملک میں تاحال 140915417 افراد ٹیکہ لگوا چکے ہیں۔
امریکہ نے ہندوستان کی کورونا صورت حال پر ہر طرح کی مدد کرنے اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ کے سکریٹری آف اسٹیٹ اینٹونی بلنکن نے کہا، ’’اس خطرناک کورونا بحران کے وقت ہم ہندوستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے شراکت دار اور حکومت ہند کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ہندوستانی عوام اور ہیلتھ کیئر ہیروز کے لئے اضافی امداد فراہم کریں گے۔‘‘
دہلی میں کورونا وبا سے حالات انتہائی خراب ہیں اور اس کےاوپر آکسیجن کی قلت نجی اسپتالوں میں ایک مسئلہ بنا ہوا ہے ایسے میں کیا دہلی حکومت لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کرسکتی ہے؟ کیجریوال نےجس ایک ہفتے کے چھوٹے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اس کی مدت کل صبح پانچ بجے ختم ہوجائے گی اور اگر اس میں توسیع کرنی ہو گی تو اس کا اعلان آ ج ہی کر نا ہوگا۔ حکومت کے اوپر کئی تنظیموں کی جانب سے دباؤ ہے کے اس میں توسیع کی جائے۔






